جرمنی میں ایک 15 سالہ لڑکے نے اپنی گرل فرینڈ کو اسکول چھوڑنے کے لیے ایک ٹرانسپورٹ کمپنی سے بس چرا کر 80 میل کا سفر طے کیا، تاکہ اسے دوسرے شہر میں واقع اسکول چھوڑنے کے لیے جا سکے۔
یہ معاملہ گزشتہ جمعہ کو سامنے آیا جب جرمن شہر ویسباڈن کے اس 15 سالہ لڑکے نے ایک بس ڈپو میں چپکے سے داخل ہو کر گاڑیوں کی ماسٹر چابی تک رسائی حاصل کی اور پھر بغیر کسی کی نظر میں آئے ایک بس لے کر نکل گیا۔ اگرچہ یہ چوری سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہو گئی تھی، لیکن عملے نے سمجھا کہ بس ان کے کسی ڈرائیور نے لی ہے۔
بس صبح 6 بجے لے جائی گئی تھی، لیکن پولیس کو اس بارے میں دوپہر بعد کے اطلاع دی گئی۔ کمپنی کو ابتدا میں لگا کہ کسی ڈرائیور نے غلطی سے دوسری بس لے لی ہے، جب تمام عملے سے تصدیق کی گئی تو پتہ چلا کہ بس چوری ہو چکی ہے۔
بس میں نصب جی پی ایس سسٹم کی مدد سے پولیس نے جلد ہی اسے کارلسروہے نامی شہر میں لوکیٹ کیا، جو ویسباڈن سے تقریباً 130 کلومیٹر (80 میل) دور ہے جہاں پولیس کی گشتی گاڑی نے بس کو دیکھا۔ تاہم اہلکار اس وقت حیران رہ گئے جب ڈرائیونگ سیٹ پر ایک کم عمر لڑکے کو بیٹھا دیکھا جو اپنی گرل فرینڈ کو اسکول سے لے کر واپس ویسباڈن جا رہا تھا۔
ادھر دوسری جانب پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم ابھی تک یہ نہیں جانتے کہ اس نے چابی کیسے حاصل کی اور بس اتنی مہارت سے کیسے چلا رہا تھا۔ اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، اور لڑکے کو چوری اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے سمیت کئی الزامات کا سامنا ہے۔