امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر سے مزین ایک یادگاری طلائی سکے کے ڈیزائن کی منظوری دے دی گئی۔ اس سکے کو امریکا کے قیام کی 250ویں سالگرہ کی مناسبت سے جاری کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس فیصلے پر اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹس کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
یہ منظوری صدر ٹرمپ کی جانب سے نامزد کردہ ایک مشاورتی کمیشن نے دی۔ امریکی کمیشن برائے فنونِ لطیفہ نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے گریز کیا، تاہم مختلف میڈیا رپورٹس میں مجوزہ ڈیزائن سامنے آ چکا ہے۔
سکے کے ایک رخ پر ٹرمپ کو میز کے ساتھ کھڑے دکھایا گیا ہے، جبکہ دوسرے رخ پر ایک عقاب کو پھیلے ہوئے پروں کے ساتھ ایک گھنٹی نما ساخت پر بیٹھا ہوا دکھایا گیا ہے۔
اس سکے کی کوئی باقاعدہ مالیت مقرر نہیں کی گئی اور نہ ہی اس کی فروختی قیمت ظاہر کی گئی ہے۔
امریکی خزانچی برینڈن بیچ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم ایسے سکے تیار کرنے پر خوش ہیں جو ہمارے ملک اور جمہوریت کی پائیدار روح کی عکاسی کریں اور اس مقصد کے لیے ہمارے موجودہ صدر سے زیادہ موزوں کوئی شخصیت نہیں ہو سکتی۔