• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا نے اپنے فوجی اڈے بچانے کیلئے مدد مانگ لی، یوکرینی صدر کا دعویٰ

امریکہ بھی یوکرین سے رابطے میں ہے تاکہ خطے میں موجود اپنے فوجی اڈوں کو محفوظ بنایا جا سکے، ولودومیر زیلینسکی - فوٹو: فائل
امریکہ بھی یوکرین سے رابطے میں ہے تاکہ خطے میں موجود اپنے فوجی اڈوں کو محفوظ بنایا جا سکے، ولودومیر زیلینسکی - فوٹو: فائل

یوکرین کے صدر ولودومیر زیلینسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے مشرق وسطیٰ میں اپنے فوجی اڈے بچانے کےلیے یوکرین سے مدد مانگ لی۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں زیلینسکی نے انکشاف کیا کہ مشرقِ وسطیٰ میں ایرانی ڈرون حملوں کے خلاف یوکرین کی ٹیمیں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین کی ٹیمیں سعودی عرب اور قطر سمیت مشرقِ وسطیٰ کے ممالک میں موجود ہیں تاکہ ایران کے ڈرون حملوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔

زیلینسکی نے بتایا کہ امریکا بھی یوکرین سے رابطے میں ہے تاکہ خطے میں موجود اپنے فوجی اڈوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

فرانسیسی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں زیلینسکی نے کہا کہ صرف فضائی دفاعی نظام کافی نہیں ہے، ایران کے بھاری ڈرون حملوں کو روکنے کے لیے جدید انٹرسیپٹرز کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت کچھ ساز و سامان کی فراہمی پر بات کر رہے ہیں جو یوکرین کے پاس ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے پاس کچھ میزائل ہیں جو ہمارے پاس نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ وہ ہمیں مضبوط بنانے کا موقع دیں۔

یوکرینی صدر نے مزید کہا کہ فنڈنگ سب سے بڑی کمی ہے۔ ہمارا دفاعی شعبہ اس وقت نصف صلاحیت پر کام کر رہا ہے اور ہمیں اپنے لیے مزید ڈرونز بنانے کے لیے مالی وسائل درکار ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید