ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی شرقی نے سندھ بار کونسل کے سابق سیکریٹری عرفان مہر کے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے عدم شواہد کی بنا پر مقتول کی اہلیہ اور برادر نسبتی سمیت 5 ملزمان کو بری کر دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ پراسیکیوشن ملزمان کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہی، شک کا فائدہ دیتے ہوئے تمام ملزمان کو بری کیا جاتا ہے۔
عدالت نے مزید کہا کہ کیس کی ناقص تفتیش کے باعث ملزمان کو بری کیا جاتا ہے۔
پولیس کے مطابق عرفان مہر کو یکم دسمبر 2021 کو گلستان جوہر کے علاقے میں قتل کیا گیا۔ قتل کا مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں شارعِ فیصل تھانے میں درج کرایا گیا۔