راولپنڈی میں جرگے کے حکم پر قتل کیس میں ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی گئی، عدالت نے ٹرائل روزانہ چلانے کا حکم دے دیا۔
راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں مبینہ طور پر جرگے کے حکم پر پیرودھائی میں شادی شدہ لڑکی سدرہ عرب کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فرحت جبین رانا کے روبرو جرگے کے سربراہ عصمت اللّٰہ خان سمیت 8 ملزمان پر فردِ جرم عائد کر دی گئی، تاہم تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
عدالت نے مقدمے میں نامزد مزید دو ملزمان کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کر لی، جبکہ اس سے قبل 6 ملزمان کی ضمانت پہلے ہی منظور کی جا چکی ہے۔
عدالت نے سدرہ عرب قتل کیس کا ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چلانے کا حکم بھی جاری کر دیا۔