سندھ میں 29 مارچ تک بارش اور تیز ہواؤں کے امکان کے باعث پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے احتیاط برتنے کےلیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
پی اے اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سندھ میں 26، 28 اور 29 مارچ کو بارش و گرج چمک متوقع ہے۔ اس تناظر میں پارک طیاروں کو محفوظ کرنے، کیڑے مکوڑوں اور پرندوں سے نمٹنے کے اقدامات کیے جائیں۔
پی اے اے کی جانب سے تمام متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے اور ہوائی آپریشنز کو محفوظ رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ہلکے طیاروں کو محفوظ جگہ پر باندھیں، کھلے اور بکھرے سامان کو محفوظ کریں۔ ایئر سائیڈ انسپکٹرز برڈ شوٹرز کی تعیناتی اور فیومیگیشن کے اقدامات یقینی بنائیں۔
پی اے اے نے کہا کہ نکاسی آب کے راستوں کو صاف رکھیں اور رن وے فریکشن چیک کریں۔
ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے بارش اور آندھی میں الیکٹریکل کیبلز اور لائٹس کو خصوصی طور پر چیک کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پی اے اے نے کہا کہ فالو می وین، ریسکیو اینڈ فائر فائٹنگ سروسز (آر ایف ایف ایس) اور آپریشنل اسٹاف الرٹ رہیں۔