صدر مملکت آصف زرداری کی زیر صدارت معیشت، توانائی اور علاقائی صورتحال پر اجلاس ہوا، جس میں تیل کی فراہمی میں رکاوٹ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر شریک تھے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، بلاول بھٹو، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک بھی شریک تھے۔
مشاورتی اجلاس میں موجودہ اقتصادی اور توانائی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم نے پیٹرول کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے اقدامات پر بریف کیا، ایندھن کی قیمت میں اضافے کے دیگر شعبوں پر اثرات سنبھالنے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، کفایت شعاری اقدامات کے ذریعے مالیاتی نظم وضبط کے نفاذ کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
اجلاس میں علاقائی صورتحال پر بھی غور کیا گیا، موجودہ علاقائی صورتحال کے پاکستان کی سلامتی، اقتصادی معاملات اور غذائی تحفظ پر اثرات پر غور کیا گیا۔
مشاورتی اجلاس میں قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور اتفاق کیا گیا کہ پالیسی فیصلے میں استحکام کو ترجیح دی جائے، عوامی مفاد کا تحفظ کیا جائے، ابھرتے علاقائی چیلنجز کے تناظر میں قومی اتفاق رائے برقرار رکھنے اور ادارہ جاتی تعاون مستحکم بنانے پر زور دیا گیا، اقتصادی مینجمنٹ، توانائی منصوبہ بندی، غذائی تحفظ اور سیکیورٹی امور مربوط رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں عوامی آگاہی پر بھی زور دیا گیا تاکہ ایندھن کی کھپت کو کم کیا جاسکے اس کے ساتھ ہی پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال اور شیئر رائڈ سسٹم پر بھی زور دیا گیا۔