• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کا سب سے تنگ گھر، چوڑائی جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

پیرو میں صرف 63 سینٹی میٹر چوڑے گھر کا ایک بیرونی منظر(تصویر سوشل میڈیا)۔
پیرو میں صرف 63 سینٹی میٹر چوڑے گھر کا ایک بیرونی منظر(تصویر سوشل میڈیا)۔

دنیا کا سب سے تنگ گھر براعظم جنوبی امریکا کے ملک پیرو میں واقع ہے، جس کی چوڑائی صرف 63 سینٹی میٹر ہے۔ اتنی کم چوڑائی کے باوجود یہ گھر مکمل طور پر فعال ہے۔

چھوٹے اور سادہ گھروں کا رجحان کئی سالوں سے موجود ہے اور کم جگہ والے رہائشی مقامات کی مانگ بھی بڑھ رہی ہے، لیکن دنیا کا سب سے تنگ گھر اس تصور کو ایک نئی سطح پر لے جاتا ہے۔ یہ اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ جدید گھر کی تمام سہولیات فراہم کرے، مگر ایسی جگہ میں جو صرف 63 سینٹی میٹر چوڑی ہے۔

مقامی شہری فابیو مورینو کا ڈیزائن کردہ اور اس کی ملکیت اوکالاما کا یہ پتلا گھر اس خیال کو ظاہر کرتا ہے کہ خوشی کا انحصار گھر کے سائز پر نہیں بلکہ دستیاب جگہ کے بہترین استعمال پر ہوتا ہے۔ اس کی تنگ ساخت اور شوخ رنگوں نے پہلے ہی ہزاروں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے، اور امکان ہے کہ یہ جلد ہی ایک مقبول سیاحتی مقام بن جائے گا۔

اگرچہ یہ بظاہر ایک آؤٹ ڈور آرٹ کی تنصیب معلوم ہوتی ہے، مگر دنیا کا یہ سب سے تنگ گھر جدید گھر کی تقریباً تمام سہولتوں سے آراستہ ہے، جن میں باتھ روم، کچن، ڈائننگ روم، راہداری، بیڈ روم، اسٹڈی، لانڈری ایریا اور دو منزلوں کو آپس میں ملانے کے لیے دو سیڑھیاں شامل ہیں اور حیرت انگیز طور پر یہ سب کچھ صرف 63 سینٹی میٹر چوڑی جگہ میں سمایا ہوا ہے۔

اوکالاما کے مین اسکوائر پر واقع یہ تنگ ترین گھر متجسس راہگیروں کے  دیکھنے کے لیے کھلا ہے، لیکن اس کی انتہائی کم چوڑائی کے باعث دو سے زیادہ افراد کے لیے اس کے اندر کا جائزہ لینا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔

فیبیو مورینو نے پہلے ہی دنیا کے سب سے تنگ گھر کے اعزاز کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درخواست جمع کرا دی ہے، تاہم اس کی تصدیق میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ گنیز کو پہلے ایک تصدیقی عمل مکمل کرنا ہوتا ہے جس میں سرکاری پیمائش اور تکنیکی دستاویزات شامل ہوتی ہیں۔ تاہم، مورینو کو پورا یقین ہے کہ وہ یہ عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید