پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف سینئر اداکارہ صبا حمید نے گلوکار علی ظفر اور میشا شفیع کے درمیان جاری قانونی تنازع پر پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔
اب حال ہی میں میشا شفیع کی والدہ اداکارہ صبا حمید اپنی بیٹی کی جانب سے عدالت میں پیشیوں میں حاضری دے رہی ہیں، کیونکہ میشا اس وقت کینیڈا میں مقیم ہیں۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صبا حمید کا کہنا ہے کہ دیکھیں، میں اس کیس کے بارے میں زیادہ بات نہیں کر سکتی کیونکہ فیصلہ جلد متوقع ہے، تاہم ہم گزشتہ 8 سال سے اس مقدمے کی لڑائی لڑ رہے ہیں اور اس معاملے میں ہار تسلیم نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھلا اُس شخص سے کیسے بات کی جا سکتی ہے جو خواتین کا احترام نہیں کرتا؟
واضح رہے کہ علی ظفر اور میشا شفیع پاکستان کی معروف شخصیات میں شمار ہوتے ہیں، دونوں فنکار ماضی میں قریبی دوست رہے ہیں اور تعلیمی دور سے ہی ایک دوسرے کو جانتے تھے۔
انہیں مختلف سماجی تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا ہے، میشا شفیع نے علی ظفر کے گانے چل دل میرے میں بھی کام کیا تھا، تاہم ان کی دوستی اس وقت تنازع کا شکار ہوئی جب اپریل 2018ء میں میشا شفیع نے علی ظفر پر ہراسانی کے الزامات عائد کیے۔
علی ظفر اور ان کے اہلِ خانہ نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش قرار دیا تھا۔
گزشتہ 8 برسوں سے یہ معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے اور دونوں فریقین کے درمیان قانونی کارروائیاں جاری ہیں۔