کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی قلعہ سیف اللہ کے ضلعی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز قلعہ سیف اللہ کے مختلف علاقوں میں ہونے والی شدید ژالہ باری نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس سے زمینداروں اور کاشتکاروں کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ بیان کے مطابق ژالہ باری اس قدر شدید تھی کہ سینکڑوں پھلدار اور سایہ دار درخت اور کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہیں ۔ گندم کی تیار فصل ، جو کاشتکاروں کی سال بھر کی محنت کا ثمر ہوتی ہے ، مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے جس سے نہ صرف مقامی معیشت کو شدید دھچکا لگا ہے بلکہ زمیندار طبقہ معاشی بحران کا شکار ہو گیا ہے ۔ بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ قلعہ سیف اللہ کو فوری طور پر آفت زدہ قرار دیا ، ہنگامی بنیادوں پر شفاف اور جامع سروے کراکے نقصانات کا درست تخمینہ لگایا جائے اور متاثرہ کسانوں اور زمینداروں کو فوری مالی امداد فراہم کی اور ایمرجنسی بنیادوں پر پیکیج کا اعلان کیا جائے تاکہ زمینداروں کے نقصانات کا ازالہ ہوسکے ۔