• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کی معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ایران کے ڈی سیلینیشن پلانٹس تباہ کرنے کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ— فائل فوٹو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ— فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف اپنی سخت دھمکیوں کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوئی معاہدہ طے نہ پایا تو امریکا ایران کے مختلف شہری انفرااسٹرکچر، بشمول تمام ڈی سیلینیشن پلانٹس کو تباہ کر دے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے لاکھوں افراد کے پانی کے ذرائع خطرے میں پڑ سکتے ہیں اور یہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہو گی۔

امریکی صدر اس سے قبل بھی ایران کو توانائی اور بجلی کی تنصیبات پر ممکنہ حملوں کے حوالے سے خبردار کرتے رہے ہیں، تاہم پیر کے روز انہوں نے پانی کی فراہمی کے مراکز کو بھی ممکنہ اہداف کی فہرست میں شامل کر لیا۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایک نئی اور زیادہ معقول قیادت کے ساتھ ایران میں فوجی کارروائیوں کے خاتمے کے لیے سنجیدہ مذاکرات کر رہا ہے اور اس بات چیت میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جلد کوئی معاہدہ نہ ہوا اور آبنائے ہرمز فوری طور پر کھولی نہ گئی تو امریکا ایران میں اپنی موجودگی کا اختتام کرتے ہوئے اس کے بجلی گھروں، تیل کے کنوؤں، خارگ جزیرے اور ممکنہ طور پر ڈی سیلینیشن (سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے والے) پلانٹس کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید