امریکی محکمۂ دفاع (پینٹاگون) نے برطانوی اخبار کی جانب سے امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ سے متعلق شائع کی گئی جنگ سے قبل سرمایہ کاری کی خبر کو غلط اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پینٹاگون کے ترجمان شان پارنل کے مطابق خبر میں کیے گئے دعوے حقائق پر مبنی نہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ پیٹ ہیگسیتھ کے بروکر نے جنگ شروع ہونے سے قبل ملٹی ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی کوشش کی تاہم فنڈز دستیاب نہ ہونے کے باعث یہ ڈیل مکمل نہ ہو سکی۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایسی غیر مصدقہ رپورٹس عوام کو گمراہ کرنے کا باعث بنتی ہیں، اس لیے خبر فوری طور پر واپس لی جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز نے رپورٹ کیا تھا کہ وزیرِ دفاع کے ویلتھ مینیجر نے جنگ سے چند ہفتے قبل بلیک راک سے دفاعی شعبے کے ایک فنڈ میں بڑی سرمایہ کاری کے حوالے سے رابطہ کیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ آخرکار یہ سرمایہ کاری نہیں ہو سکی کیونکہ متعلقہ ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈ اُس وقت خریداری کے لیے دستیاب نہیں تھا۔