• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کا اصفہان پر بنکر بسٹر بموں سے حملہ، ٹرمپ نے تباہی کی ویڈیو شیئر کر دی

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

امریکا نے ایران کے شہر اصفہان پر بنکر بسٹر بموں سے حملہ کر دیا، جس کی ویڈیو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس حملے سے چند گھنٹے قبل جنگ کے خاتمے کا عندیہ دیا تھا۔

امریکی صدر نے ایران میں 1 ہزار کلو گرام وزنی بنکر بسٹر بموں سے ہونے والے ایک بڑے دھماکے کی ویڈیو شیئر کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دھماکے آج (منگل کی) علی الصبح شہر اصفہان میں ہوئے، ویڈیو میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکے ہوتے دکھائی دیتے ہیں، جن کے بعد آگ کے شعلے رات کے تاریک آسمان کو نارنجی روشنی سے روشن کر دیتے ہیں۔

ٹرمپ نے ویڈیو کے حوالے سے کوئی سیاق و سباق فراہم نہیں کیا، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ امریکی اور اسرائیلی مشترکہ حملوں کی فوٹیج ہے، جس میں اصفہان کے ایک بڑے اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اصفہان کی آبادی تقریباً 23 لاکھ ہے، یہ بدر فوجی ایئر بیس کا بھی مرکز ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا ہے کہ امریکی افواج نے اصفہان میں اسلحہ ڈپو کو 2000 پاؤنڈ وزنی بنکر بسٹر بموں سے نشانہ بنایا ہے۔

عہدیدار کے مطابق حملے میں بڑی تعداد میں بنکر بسٹر یا زیرِ زمین اہداف کو نشانہ بنانے والے ہتھیار استعمال کیے گئے۔

رپورٹس کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں شدید ثانوی دھماکے ہوئے، جن سے بڑے آگ کے گولے اور جھٹکے پورے علاقے میں پھیل گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے تقریباً 540 کلو گرام انتہائی افزودہ یورینیئم کے ذخائر کو اصفہان میں ایک زیرِ زمین تنصیب میں منتقل کر دیا تھا، اس سے قبل بھی گزشتہ سال موسمِ گرما میں آپریشن مڈنائٹ ہیمر کے دوران شہر کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

یہ حملے اس وقت رپورٹ ہوئے جب ایک روز قبل پیر کو صدر ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر جنگ کے خاتمے کے لیے جلد معاہدہ نہ ہوا تو ایران کے توانائی کے وسائل اور دیگر اہم تنصیبات، بشمول جوہری اور آبی ڈھانچے، کو وسیع پیمانے پر تباہ کر دیا جائے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید