برطانوی میڈیا کی 3 اہم شخصیات نے ’جیو نیوز‘ کو برٹش ایشین اور برٹش پاکستانی کمیونٹیز میں کامیابی کا بینچ مارک قرار دے دیا۔
بی بی سی کے مشہور پریزینٹر ہارون رشید نے برطانوی اداکار رض احمد اور جوز خان کا انٹرویو کرتے ہوئے کہا کہ ’جیو نیوز‘ کا تھیم میوزک بہت مشہور ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ آپ کی اصل کامیابی، آپ کی فیملی کا آپ کو ’جیو نیوز‘ کی اسکرین پر دیکھنا ہے۔
ہارون رشید نے بتایا کہ چند سال پہلے پاکستانی اداکارہ میرا کے ساتھ میرا ایک انٹرویو ’جیو نیوز‘ پر نشر ہونے کے بعد وائرل ہوا تو تب جا کر میرے دادا میرے کام سے حقیقی طور پر متاثر ہوئے تھے۔
اُنہوں نے انٹرویو کے دوران رض احمد سے بھی پوچھا کہ آپ کی فیملی میں کامیابی کا معیار کیا ہے؟
برطانوی اداکار نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ میری فیملی کے لیے کامیابی ’جیو نیوز‘ اور دی ون شو کا مرکب ہے۔
رض احمد نے بتایا کہ ’جیو نیوز‘ کی اسکرین پر میں ایک یا دو بار نظر آ چکا ہوں اور جیسے ہی فیملی کو یہ پتہ چلا تو فون کالز آنے لگیں اور فیملی واٹس ایپ گروپس میں میسج بھی آنے لگے۔
ہارون رشید نے ایک بار پھر ’جیو نیوز‘ کے تھیم میوزک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامائی ساؤنڈ ٹریک واقعی ہر چیز کو اور بھی زیادہ متاثر کن بنا دیتا ہے۔
جوز خان نے ہارون رشید کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ شاید ہم سب کو ہی کامیاب ہونے کے لیے زندگی میں ’جیو نیوز‘ کے تھیم میوزک کی ضرورت تھی۔
واضح رہے کہ رض احمد برطانوی اداکار اور ریپر ہیں، اُنہوں نے اب تک کئی بڑے اعزازات حاصل کیے ہیں، جن میں اکیڈمی ایوارڈ اور ایک پرائم ٹائم ایمی ایوارڈ شامل ہے۔
غلام دستگیر خان المعروف جوز خان برطانوی کامیڈین اور اداکار ہیں، وہ کوونٹری میں 1980ء کی دہائی میں برطانیہ منتقل ہونے والے پاکستانی والدین کے ہاں پیدا ہوئے تھے۔