پاکستانی میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ساحر علی بگا کا کہنا ہے کہ بھارتی گانوں پر پاکستان میں پابندی عائد ہونی چاہیے۔
ساحر علی بگا نے حال ہی میں بی بی سی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں بھارتی گانوں پر پابندی سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میں نے بھارتی گانوں پر پاکستان میں پابندی عائد کرنے کی بات اس لیے کی کیونکہ جب بھی کوئی تنازع ہوتا ہے تو وہ فوری طور پر ہمارے فنکاروں، مواد اور دیگر چیزوں پر پابندی لگا دیتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی اسپاٹی فائے پر اب بھی بھارت میں پابندی ہے جب کہ بھارت کا اسپاٹی فائے پاکستان میں چل رہا ہے۔
گلوکار نے کہا کہ لہٰذا، جب وہ ہم پر اتنی پابندیاں لگاتے ہیں، تو ہماری حکومت کو بھی ان کے مواد کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے بھارتی کنٹینٹ پر کبھی پابندی نہیں لگائی بلکہ اس میں پہل ہمیشہ بھارت کی طرف سے کی جاتی ہے۔
ساحر علی بگا کے انٹرویو کا یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین گلوکار کی رائے سے اتفاق کرتے نظر آ رہے ہیں۔