وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کفایت شعاری اور بچت کے مختلف اقدامات کے ذریعے عام آدمی کو 129 ارب روپے کا ریلیف دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں خطے کی صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین کا جائزہ لیا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں بچت اور کفایت شعاری کے لیے جاری اقدامات کے نفاذ کا جائزہ اور کم آمدنی والے طبقات کو موجودہ صورتحال کے تناظر میں ریلیف کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
وزیر اعظم نے متعلقہ وزارتوں کو صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی تجاویز پیش کرنے، پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 ہفتوں میں وفاقی حکومت نے کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کےلیے اہم اقدامات کیے، آئندہ بھی غریب طبقے کے ریلیف کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کےلیے وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کی، کفایت شعاری اور بچت کے مختلف اقدامات کے ذریعے عام آدمی کو 129 ارب روپیہ کا ریلیف دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بروقت حکومتی فیصلوں سے پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کیلئے مناسب مقدار موجود ہے، عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور پورے سپلائی چین کی باقاعدگی سے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے۔