• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین اور پاکستان کا مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کی بحالی کیلئے 5 نکاتی مشترکہ اقدام

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے بیجنگ کے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کر رہے ہیں - فوٹو: پی آئی ڈی
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے بیجنگ کے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کر رہے ہیں - فوٹو: پی آئی ڈی

چین اور پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے 5 نکاتی مشترکہ اقدام کا اعلامیہ جاری کردیا، جس کے مطابق دونوں ممالک نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔ 

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ اور پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان خطے کی صورتحال پر اہم مشاورت ہوئی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان نے فوری جنگ بندی، جنگ کے پھیلاؤ کو روکنے اور جنگ زدہ علاقوں تک انسانی امداد کی رسائی کا مطالبہ کیا ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان نے فریقین پر جلد از جلد امن مذاکرات شروع کرنے، ایران اور خلیجی ریاستوں کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے تحفظ پر زور دیا ہے۔ 

چین اور پاکستان نے اپنے بیان میں کہا کہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں، امن مذاکرات کے دوران طاقت کے استعمال یا دھمکی سے گریز کیا جائے۔

دفتر خارجہ کے مطابق چین اور پاکستان نے شہریوں اور غیر عسکری اہداف پر حملے فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ توانائی، ڈی سیلینیشن، بجلی تنصیبات اور پرامن جوہری انفرا اسٹرکچر کے تحفظ پر زور دیا ہے۔ 

پاکستان اور چین نے کہا کہ آبنائے ہرمز اور ملحقہ سمندری راستے عالمی تجارت اور توانائی رسد کے لیے نہایت اہم ہیں۔ 

دفتر خارجہ کے مطابق چین اور پاکستان نے آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں اور عملے کے تحفظ اور محفوظ گزرگاہ کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ 

دونوں ممالک نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ شہری اور تجارتی جہازوں کی جلد اور محفوظ آمدورفت یقینی بنائی جائے۔ 

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان نے اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کی بالادستی پر زور دیا۔

اسحاق ڈار کی وانگ ای سے ملاقات

اس سے قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی ہے۔ 

اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی صورتحال، پاک چین دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے عالمی امور پر بات چیت کی گئی۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی دعوت پر دورہ چین پر ہیں۔

قومی خبریں سے مزید