آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کی جنرل کونسل نے پرنٹ میڈیا کے ابتر حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اے پی این ایس ہاؤس کراچی میں باڈی کے صدر سینیٹر سرمد علی کی زیر صدارت سالانہ اجلاس میں کونسل نے اخباری صنعت کے زیرِ التوا بقایاجات کی جلد ادائیگی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے گزشتہ دور حکومت میں سرکاری نرخوں میں اضافہ کے منظور کیے گئے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے۔
اے پی این ایس جنرل کونسل نے اشتہارات کے حجم میں اضافہ اور اشتہارات کے اجرا میں پرنٹ میڈیا کا الگ حصہ مختص کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی جنرل کونسل نے گزشتہ 17 ماہ سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے ڈان میڈیا گروپ کو سرکاری اشتہارات پر مکمل پابندی پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔
اعلامیے کے مطابق آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی جنرل کونسل نے رواں سال کیلئے متفقہ طور پر سینیٹر سرمد علی کو باڈی کا صدر منتخب کیا۔
ناز آفرین سہگل لاکھانی سینئر نائب صدر، شہاب زبیری نائب صدر، محمد اطہر قاضی سیکریٹری جنرل، محسن بلال جوائنٹ سیکریٹری اور نوید کاشف کو فنانس سیکرٹری منتخب کیا گیا۔