• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن، پاکستان بزنس فورم سلاؤ کے زیر اہتمام ’’بنیان مرصوص‘‘ کا ایک سال مکمل ہونے پر تقریب

پاکستان بزنس فورم سلاؤ کے زیر اہتمام لندن میں ’’بنیان مرصوص‘‘ اور’’نعرۂ حق‘‘ کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی قونصل جنرل برمنگھم فہد امجد تھے جبکہ صدارت پیر حضرت فیاض الحسن نے کی۔ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض ڈاکٹر محمد عرفات نے انتہائی خوبصورت اور مدلل انداز میں انجام دیے اور شرکاء سمیت مہمانِ خصوصی کا تعارف پیش کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل فہد امجد نے کہا کہ آج کی تقریب نہایت اہمیت کی حامل ہے جو دنیا کو امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت نے ’’بنیان مرصوص‘‘ اور’’معرکۂ حق‘‘ کے ذریعے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ صراطِ مستقیم پر چل کر ہی خوشحالی اور کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان نے’’بنیان مرصوص‘‘ اور ’’معرکۂ حق‘‘ کا آغاز کیا تو دنیا بھر میں اس کی گونج سنائی دی اور قوم میں ایک نیا اعتماد پیدا ہوا۔

انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ متحد اور منظم ہو کر اپنے ملک کی مضبوطی کے لیے کردار ادا کریں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کریں کیونکہ آج کا پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور حکومت اوورسیز کمیونٹی کی رہنمائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

صدرِ تقریب پیر حضرت فیاض الحسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’بنیان مرصوص‘‘ اور ’’معرکۂ حق‘‘ قرآنی اصطلاحات ہیں جو اتحاد، استقامت اور حق و باطل کے درمیان واضح فرق کو بیان کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو سب سے زیادہ اتحاد، اخوت اور نظم و ضبط کی ضرورت ہے۔ اگر مسلمان ایک مضبوط دیوار کی مانند متحد ہو جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں کمزور نہیں کر سکتی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اللّٰہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے اور ہم سب پر لازم ہے کہ اپنے وطن کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے مل کر کام کریں۔

تقریب سے منور چیچی، فیصل چیچی، قیصر چیچی، حافظ محفوظ اور عاقل چوہدری نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کا چہرہ ہیں اور ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ملک کا مثبت تشخص اجاگر کریں اور نئی نسل کو اپنی ثقافت، دین اور قومی اقدار سے جوڑے رکھیں۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، افواجِ پاکستان کی کامیابی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور دنیا بھر میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

شرکاء نے پاکستان بزنس فورم سلاؤ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسے مثبت اور تعمیری پروگراموں کا حصہ بنتے رہیں گے۔

معروف نعت خواں نور حسین شاہ نے نعت رسولِ مقبول ﷺ پیش کر کے شرکاء سے خوب داد وصول کی۔

تقریب کے اختتام پر معروف صحافی وقار ملک نے چیئرمین پاکستان بزنس فورم قیصر چیچی اور سجاد گجر کے ہمراہ بزنس فورم میں نئے شامل ہونے والے ممبران میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید