بوسنیا کے کھلاڑیوں نے فٹبال میچ سے قبل جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل کی ٹیم کے کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے سے انکار کر دیا۔
بوسنیا ہرزیگووینا کی انڈر 21 فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں نے ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں کھیلے گئے یو ای ایف اے یورپین انڈر 21 چیمپئن شپ کوالیفائنگ میچ سے قبل احتجاجاََ اسرائیلی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا۔
فٹبال گراؤنڈ میں بوسنیا ہرزیگووینا کے کھلاڑیوں کی جانب سے اُٹھائے گئے اس غیر معمولی اقدام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
اس وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میچ سے پہلے بوسنیا ہرزیگووینا کے کھلاڑیوں نے امپائرز سے ہاتھ ملایا لیکن اسرائیلی کھلاڑیوں کو نظر انداز کر کے آگے بڑھ گئے۔
ہنگری کے نیوٹرل گراؤنڈ پر کھیلا جانے والا میچ 0-0 سے برابری پر ختم ہوا۔
یہ اقدام اسرائیلی کھلاڑیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے عالمی دباؤ کی عکاسی کرتا ہے کیونکہ غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف دنیا بھر میں غصہ بڑھ رہا ہے۔
متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک غزہ میں کم از کم 73 ہزار 188 معصوم فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں۔