• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرمیوں میں ناک سے خون آنا معمولی بات یا خطرے کی علامت ہے؟

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

موسمِ گرما میں بہت سے افراد کو اچانک ناک سے خون آنے کی شکایت ہوتی ہے جو بظاہر تشویشناک لگتی ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر صورتوں میں یہ ایک عام مسئلہ ہوتا ہے۔ 

طبی ماہرین کے مطابق شدید گرمی، خشک ہوا اور جسم میں پانی کی کمی ناک کے اندر موجود نازک خون کی نالیوں کو کمزور کر دیتی ہے جس سے خون بہنے لگتا ہے۔

ماہرِین امراض برائے ناک، کان و گلا (ENT) کے مطابق گرم اور خشک موسم ناک کی اندرونی جھلی کو خشک اور حساس بنا دیتا ہے جس کے باعث معمولی رگڑ یا دباؤ سے بھی خون بہہ سکتا ہے۔

وجوہات

گرمیوں میں ناک سے خون آنے کی عام وجوہات میں خشک اور گرم موسم، پانی کی کمی، الرجی یا انفیکشن اور ناک میں انگلی ڈالنا یا زور سے ناک صاف کرنا شامل ہے جبکہ زیادہ تر کیسز میں خون خود ہی رک جاتا ہے اور کسی خاص علاج کی ضرورت نہیں پڑتی۔

بچوں میں ناک سے خون آنا

ماہرِین اطفال کے مطابق گرمیوں میں بچوں میں یہ مسئلہ زیادہ دیکھا جاتا ہے کیونکہ بچوں کی ناک کی جھلی زیادہ حساس ہوتی ہے، ناک میں انگلی ڈالنے کی عادت عام ہوتی ہے، پانی کی کمی جَلد ہو جاتی ہے اور گرد و غبار اور گرمی کا اثر زیادہ ہوتا ہے۔

کب فوری ڈاکٹر سے رجوع کریں؟

ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ درج ذیل علامات کو نظر انداز نہ کیا جائے:

جب خون 10 سے 15 منٹ تک نہ رکے، بار بار ناک سے خون آئے، بہت زیادہ خون بہنے لگے، چہرے میں درد یا سانس لینے میں دشواری محسوس ہو، شدید تھکن، جسم پر آسانی سے نیل پڑنے لگے یا غیر معمولی وزن میں کمی ہو جائے۔

ایسی صورتوں میں ممکنہ وجوہات میں ناک کی ہڈی کا ٹیڑھا ہونا، ناک کے پولپس، ہائی بلڈ پریشر، آئرن کی کمی، خون جمنے کی بیماریاں یا نایاب صورتوں میں رسولی شامل ہو سکتی ہے۔ 

گرمیوں میں بچاؤ کیسے ممکن بنایا جائے؟

دن بھر مناسب مقدار میں پانی پئیں، نمکیاتی (نارمل سیلائن) اسپرے کا ناک میں استعمال کریں، ناک کے اندر ہلکی مقدار میں پیٹرولیم جیلی لگائیں، ناک میں انگلی ڈالنے یا زور سے صاف کرنے سے گریز کریں اور ایئر کنڈیشنڈ کمروں میں ہیومیڈیفائر کا استعمال کریں۔

ناک سے خون آنے پر فوری کیا کریں؟

سیدھا بیٹھیں اور سر کو ہلکا سا آگے جھکائیں، ناک کے نرم حصے کو 10 منٹ تک دبائیں، لیٹنے یا سر پیچھے کرنے سے گریز کریں اور اگر خون نہ رکے یا بار بار مسئلہ ہو تو فوری طبی معائنہ ضروری ہے۔

ماہرین کے مطابق گرمیوں میں ناک سے خون آنا عموماً بے ضرر ہوتا ہے مگر بار بار یا شدید علامات ظاہر ہوں تو اسے نظر انداز کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، مناسب احتیاط اور بروقت توجہ صحت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید