• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پورا ایران 1 رات میں ختم کیا جا سکتا ہے: ٹرمپ کی سنگین دھمکی

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت فوجی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا چاہے تو ایران کو صرف ایک رات میں مکمل طور پر تباہ کر سکتا ہے اور یہ کارروائی منگل کی رات بھی ہو سکتی ہے۔

صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ امریکا کے پاس ایران کے خلاف ایسے آپشنز موجود ہیں جو پاور پلانٹس اور پلوں کو تباہ کرنے سے بھی زیادہ سخت اور خطرناک ہیں۔

اُنہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا یا آبنائے ہرمز دوبارہ نہ کھولی تو ایرانی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری پیغام میں ایران کو سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ منگل کو ایران کے پاور پلانٹس اور پلوں کے لیے فیصلہ کُن دن ہو سکتا ہے۔ 

اُنہوں نے کارروائی کی ڈیڈ لائن 8 بجے شام (مشرقی وقت کے مطابق) مقرر کرنے کا بھی ذکر کیا تھا۔

دوسری جانب جنگ بندی کی 45 روزہ تجویز پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا ہے کہ یہ ایک اہم پیش رفت ہے لیکن ابھی قابلِ قبول نہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی حکام نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹرمپ نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر موقع ملا تو ایرانی عوام اپنی حکومت کے خلاف بھی کھڑے ہو سکتے ہیں، ایرانی عوام آزادی چاہتے ہیں اور حالات بدلنے کے خواہاں ہیں۔

امریکی صدر نے ایرانی تیل پر قبضے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تاہم کہا کہ مجھے یقین نہیں کہ امریکی عوام اس اقدام کی حمایت کریں گے یا نہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید