وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا جا رہا ہے اور حالیہ سیز فائر کا اعلان اور اس پر فوری عملدرآمد ایک بڑی کامیابی ہے۔
جیونیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزارتِ خارجہ اس تمام عمل میں بھرپور طور پر متحرک رہی۔
عطا اللّٰہ تارڑ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ وہ وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں۔
عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ آج دنیا کی مارکیٹوں میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے جو سفارتی پیش رفت کا نتیجہ ہے۔
وفاقی وزیر نے گفتگو کے دوران یقین دہانی کروائی کہ عوام کو آئندہ پیش رفت سے مسلسل آگاہ رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیرِاعظم نے کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات سمیت تمام معاملات پر بات کریں گے، خطے میں پیٹرولیم کی قلت تھی، ہم نے سپلائی چین کو بہتر طریقے سے منیج کیا۔
اُنہوں نے آج کا دن ’معرکۂ حق‘ کی طرح پاکستانی قوم کے لیے فخر کا دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ 48 گھنٹے اور آنے والے دن انتہائی اہم ہیں اور پاکستان کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ بہت بڑی جنگ تھی جس سے پورا خطہ بچ گیا ہے، دیرپا امن کے لیے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، اس وقت اولین ترجیح امن کا قیام ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل نے مختلف ممالک سے رابطہ کیا، اپنے ہم منصب سے رابطے میں رہے، نائب وزیرِاعظم بھی مختلف ممالک میں گئے اور کامیابی حاصل کی، بزرگ کہتے تھے پاکستان بین الاقوامی سطح پر کردار ادا کرے گا، وہ وقت آگیا ہے۔