• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ صورتحال میں پاکستان کا کردار مثالی رہا، سینیٹر علی ظفر

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کا کردار مثالی رہا، عالمی طاقتوں کی جانبداری پر سوالات پیدا ہوئے۔

سینیٹ اجلاس سے خطاب میں سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ اقوام متحدہ میں جنگ بندی کی کوششیں ناکام ہوئیں، امریکا نے ویٹو کر کے امن کی راہ میں رکاوٹ ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ایران پر حملے میں پہلا بم معصوم بچیوں پر گرایا گیا، اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی موجودگی میں معصوم بچوں پر حملے ہوئے۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ ایران اور عرب ممالک کے ساتھ پاکستان کے بہترین تعلقات ہیں، موجودہ صورتحال میں پاکستان کا کردار مثالی رہا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کی جانبداری پر سوالات پیدا ہوئے، ایک ملک دوسرے پر حملہ کرے اور دنیا دیکھتی رہے، یہ ظلم ہے۔

سینیٹر علی ظفر نے یہ بھی کہا کہ بطور پاکستانی فخر ہے کہ پاکستان نے امن کےلیے اپنا بھرپور اور مثبت سفارتی کردار ادا کیا، امت مسلمہ کو آپس میں لڑائی جھگڑے سے باز رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل آج بھی امن کا دشمن ہے، کوئی حرکت کرسکتا ہے، ریجنل فریم ورک پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے مزید کہا کہ حقیقت یہ ہے پٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہو گئی ہے، غریب آدمی اس مہنگائی کو برداشت نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہا جاتا تھا بانی پی ٹی آئی اناڑی ہیں، ہم کھلاڑی ہیں، ان کھلاڑیوں کے آنے کے بعد معیشت ڈوب گئی ہے۔

سینیٹر علی ظفر نے یہ بھی کہا کہ عوام کی بھرپور حمایت اور پشت پناہی سے ہی ملک کی افواج مضبوط ہوتی ہیں، ملک میں اتحاد کے لیے حکومت آگے آئے، بانی پی ٹی آئی کو فوری انصاف دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت کے پیش نظر ملک میں سیاسی اتحاد قائم کرنا ضروری ہے،حکومت اور اپوزیشن مل کر چلیں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکے۔

قومی خبریں سے مزید