• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل نے کیرئیر کو نئی سمت دی، قلندرز بیٹر محمد نعیم

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم لاہور قلندرز کے بیٹر محمد نعیم کا کہنا ہے کہ ایونٹ نے ان کے کیریئر کو نئی سمت دی ہے اور وہ اپنی ٹیم کے لیے ایک اور ٹرافی جیتنے کے خواہاں ہیں۔

جیو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں محمد نعیم نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انہیں لاہور قلندرز جیسی فرنچائز کا حصہ بننے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ٹیم شروع سے ہی ان کی پسندیدہ اور ڈریم فرنچائز رہی ہے اور اب وہ مسلسل دوسرے سال اس کا حصہ ہیں۔

محمد نعیم نے لاہور قلندرز کی ٹیم مینجمنٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مکمل اعتماد اور آزادی دی گئی ہے، جس کی بدولت وہ بغیر کسی دباؤ کے اپنی نیچرل گیم کھیل پاتے ہیں۔ فرنچائز کی جانب سے فری ہینڈ ملنا ان کی کارکردگی میں بہتری کا ایک اہم سبب ہے۔

اپنی بیٹنگ اپروچ کے حوالے سے محمد نعیم نے کہا کہ بطور بیٹر ہر کھلاڑی کے اپنے اہداف ہوتے ہیں، تاہم ان کی اولین ترجیح ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہر اننگز میں یہی کوشش کرتے ہیں کہ ان کی پرفارمنس ان کی ٹیم کے کام آئے۔

محمد نعیم نے اپنی کامیابی کا سہرا سخت محنت، قربانی اور جذبے کو دیا اور کہا کہ کسی بھی سطح پر کامیابی حاصل کرنے کے لیے مسلسل محنت اور لگن سب سے اہم ہوتی ہے اور یہی عوامل ایک کھلاڑی کو اپنے مقصد اور خوابوں کی تعبیر کے قریب لے جاتے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے ڈریسنگ روم کے ماحول کو فیملی جیسا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں سینئر اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ رہ کر سیکھنے کے بھرپور مواقع ملتے ہیں، تاہم یہاں ایسا ماحول ہے، جہاں کسی کو بڑے نام کا احساس نہیں ہوتا بلکہ سب ایک خاندان کی طرح رہتے ہیں۔

پی ایس ایل کے موجودہ ایڈیشن کے لیے ذاتی اہداف سے متعلق سوال پر محمد نعیم نے واضح کیا کہ انہوں نے کوئی انفرادی ہدف مقرر نہیں کیا، ان کا واحد مقصد لاہور قلندرز کو ایک اور ٹائٹل جتوانا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید