عالمی شہرت یافتہ کورین میوزک بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے سب سے ہینڈسم ممبر کم تاہیونگ المعروف ’وی‘ کی اداکاری کے میدان میں شاندار واپسی سوشل میڈیا پر خصوصی توجہ کا مرکز بن گئی۔
وی حال ہی میں کافی کے ایک برانڈ کے لیے بنائی گئی شارٹ فلم ’دیٹ نائٹ، آر ڈیکیف‘ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل شارٹ فلم میں اُنہیں کورین اداکارہ پارک جی من کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس شارٹ فلم کی کہانی اسکول میں نوجوانی کے دوران ہونے والی محبت پر مبنی ہے۔
واضح رہے کہ کم تاہیونگ نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کورین میوزک بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کے ساتھ بطور گلوکار کیا تھا اور اپنے میوزک کیریئر کی وجہ سے ہی دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔
اُنہوں نے 2016ء میں ایک تاریخی کورین سیریز ’ہوارنگ: دی پوئٹ واریئر یوتھ‘ کے ذریعے اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا تھا، لیکن ان کی زیادہ تر توجہ اپنے میوزک کیریئر پر ہی مرکوز رہی اور پھر کچھ عرصہ جنوبی کوریا کے قوانین کے مطابق مینڈیٹری ملٹری سروس مکمل کرنے میں بھی مصروف رہے، جس کی وجہ سے اُنہیں اسکرین پر بطور اداکار بہت ہی کم دیکھا گیا۔