• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیزل 135، پیٹرول 12 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیزل 135 اور پیٹرول پر 12 روپےسستا کردیا ہے۔

قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ 135 روپے کی کمی کے بعد ڈیزل 520 کے بجائے 385 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا جبکہ پیٹرول کی نئی قیمت 12 روپے کی کمی کے بعد 378 روپے سے کم ہوکر 366 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ جب یہ مہنگائی کا قیامت خیز طوفان آیا تھا، میں نے تیل کی قیمتیں کم کرنے کا وعدہ کیا تھا، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہوئی تو اس کا فائدہ عوام تک پہنچاؤں گا، حکومت نے مالیاتی نظم و ضبط کے ذریعے مہنگائی کم کرنے میں حصہ ڈالا۔

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پچھلے چند ہفتوں میں اس مہنگائی کو روکنے کے لیے 129 ارب روپے حکومت نے اپنے طور پر خرچ کیے، گندم کی کٹائی شروع ہو چکی، اس مرحلے پر کسان کے لیے لاگت کم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خلیج میں جنگ نہیں امن کی باتیں ہو رہی ہیں۔ جو فریق جنگ میں آمنے سامنے تھے وہ بات چیت کے ذریعے معاملات طے کرنے پر راضی ہو چکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس اہم پیشرفت پر برادر ملک ایران اور امریکا کی قیادت کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، یہ ممالک میری پرخلوص دعوت پر اسلام آباد تشریف لائے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ان نازک وقت میں پاکستانی قیادت نے بڑے اعتماد کے ساتھ دونوں فریقوں کو عارضی جنگ بندی پر راضی کیا، یہ پاکستان ہی نہیں عالم اسلام کے لیے بھی لمحہ فخر ہے، رب ذوالجلال کا جتنا شکریہ ادا کریں کم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم کے کام پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ان کی ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنگ کے شعلے بجھانے اور فریقیں کو مذاکرات پر راضی کرنے کے لیے کلیدی اور تاریخ ساز کردار ادا کیا۔

قومی خبریں سے مزید