• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی مودی کی 10 سالہ مہم ناکام ثابت: الجزیرہ کی رپورٹ

—فائل فوٹوز
—فائل فوٹوز

عرب میڈیا کی رپورٹ میں پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی 10 سالہ مہم کو ناکام قرار دے دیا گیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مودی کا 2016ء میں پاکستان کو دنیا سے الگ تھلگ کرنے کا اعلان بری طرح ناکام ہو گیا کیونکہ پاکستان آج امریکا، چین، ایران اور سعودی عرب کے ساتھ بیک وقت رابطے میں ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے اور علاقائی معاملات پر اثر انداز ہونے والا ایک اہم فریق بن چکا ہے اور 2025ء کی پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھی پاکستان نے عالمی بیانیے کی جنگ میں برتری حاصل کی۔

عرب میڈیا کے مطابق دنیا نے پہلگام واقعے پر پاکستان کے خلاف بھارتی الزامات کو بغیر ثبوت قبول نہیں کیا، بھارت معرکۂ حق کے بعد فیلڈ مارشل پر تنقید کرتا رہا جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں ’غیر معمولی شخصیت‘ قرار دیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معدنیات، سرمایہ کاری اور سفارت کاری سے پاکستان نے امریکی پالیسی سازوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق پاکستان اور چین کی ’ناقابلِ شکست شراکت داری‘ خطے میں ایک نئی حقیقت بن چکی ہے جبکہ پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے، علاوہ ازیں پاکستان خلیجی ممالک کے لیے ایک ابھرتے ہوئے سیکیورٹی پارٹنر کے طور پر بھی سامنے آ رہا ہے۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کی مسلم مخالف پالیسیوں نے بھارت کی بین الاقوامی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید