محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں کل تک درمیانی سے شدید ہیٹ ویو کی صورتِ حال برقرار رہ سکتی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں درجۂ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق سکھر، لاڑکانہ، نواب شاہ، جیکب آباد، شکار پور اور دیگر بالائی سندھ کے اضلاع میں درجۂ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے، بعض علاقوں میں پارہ معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ ریکارڈ ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب تھر پارکر، بدین، حیدر آباد، میر پور خاص اور جام شورو میں بھی شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی، جہاں درجۂ حرارت 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور مغربی ہواؤں کے اثرات کے باعث یکم جون کو سندھ کے چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
قمبر شہداد کوٹ، دادو، میر پور خاص اور تھر پارکر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ دیگر چند علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔