• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’میں شیطان نہیں ہوں‘: رمیِ جمرات کے دوران حاجی کا مزاحیہ ردِعمل وائرل

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

فریضۂ حج کے دوران رمیِ جمرات (شیطان کو کنکریاں مارنے) کے موقع پر پیش آنے والا ایک دلچسپ اور ہلکا پھلکا واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک حاجی جمرات کے قریب سے گزر رہا تھا کہ اسی دوران ایک خاتون حاجی کی جانب سے پھینکی گئی کنکری بظاہر غلطی سے اسے جا لگی، کنکری لگتے ہی وہ فوراً سر ہٹا کر دوسری ممکنہ ضرب سے بچنے کی کوشش کرتا ہے۔

اس موقع پر حاجی نے ہنستے ہوئے خاتون سے کہا کہ میں شیطان نہیں ہوں۔

حاجی کے اس مزاحیہ جملے پر وہاں موجود افراد بھی مسکرا دیے، جبکہ ویڈیو سوشل میڈیا صارفین میں خوب مقبول ہو رہی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے لکھا کہ شیطان بھی شاید اتنا شائستہ جواب نہ دیتا جبکہ بعض نے اسے حج کے روحانی ماحول میں پیش آنے والا ایک یادگار اور خوش گوار لمحہ قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ رمیِ جمرات حج کے اہم ارکان میں سے ایک ہے، جس میں حجاج کرام حضرت ابراہیمؑ کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے شیطان کی علامت کے طور پر قائم جمرات پر کنکریاں مارتے ہیں، ہر سال لاکھوں حج کا یہ اہم رکن ادا کرتے ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے اس عمل کو محفوظ بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید