پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہو گیا، دونوں ممالک میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
یہ اتفاق وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خزانہ کی ملاقات میں ہوا جو وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوئی۔
اعلامیہ کے مطابق ایک روزہ دورے پر آئے سعودی وزیر خزانہ کی وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات ہوئی جس میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعظم نے حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے ولی عہد محمد بن سلمان کی پاکستان سے محبت کو سراہا اور پاکستان و سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی معاشی و مالی معاونت کو وزیراعظم نے سراہا، سعودی تعاون پاکستان کی معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔
اس موقع پر دونوں ممالک میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے، پاک سعودی تعلقات باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔
سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللّٰہ الجدعان نے گرم جوش استقبال پر شکریہ ادا کیا، سعودی وزیر خزانہ کا پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن کے مطابق اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا، ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکت کی۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح روابط اور تعاون کے تسلسل پر زور دیا۔
پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، سعودی وفد نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی روابط بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم آفس میں ہوئی ملاقات کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پاک سعودی دوستی وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہی ہے، دونوں ممالک نے خطے میں امن کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال بھی کیا۔