اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز کیے ہیں۔
پولیس کے مطابق سرچ آپریشن تھانہ کھنہ، تھانہ شہزاد ٹاؤن، تھانہ نون، تھانہ سنگجانی اور تھانہ کورال کے علاقوں میں کیے گئے جس کے دوران 599 افراد اور 288 گھرانوں کو چیک کیا گیا۔
سرچ آپریشنز کے دوران 73 دکانوں اور 3 ہوٹلز کو بھی چیک کیا گیا جبکہ 219 موٹرسائیکل اور 81 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
اس دوران ایک افغان شہری سمیت 27 مشکوک افراد کو جانچ پڑتال کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کیا گیا جبکہ 14 موٹرسائیکلیں بھی مزید جانچ پڑتال کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کی گئیں۔
پولیس کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں اور تمام پیٹرولنگ یونٹس اور خصوصی اسکواڈ شہر بھر میں گشت کر رہے ہیں۔
پولیس کے سینئر افسران بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔