• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا: تاریخ میں پہلی بار خاتون آرمی چیف مقرر

یفٹیننٹ جنرل سوسین کوائل— تصویر غیر ملکی میڈیا
یفٹیننٹ جنرل سوسین کوائل— تصویر غیر ملکی میڈیا

آسٹریلیا نے اپنی 125 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون کو فوج کی سربراہی سونپ دی۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل سوسین کوائل جولائی میں چیف آف آرمی کا عہدہ سنبھالیں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوسین کوائل اس وقت جوائنٹ کیپیبلٹیز کی سربراہ ہیں اور اس عہدے (آرمی چیف) پر لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹیورٹ کی جگہ لیں گی، جو جولائی 2022ء سے اس منصب پر فائز تھے۔

سوسن کوائل کا فوجی کیریئر تقریباً 4 دہائیوں پر محیط ہے، اس دوران انہوں نے افغانستان اور مشرقِ وسطیٰ میں آپریشنز سمیت کئی اہم کمانڈ کی ذمے داریاں نبھائیں۔

ان کی تقرری ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آسٹریلوی فوج خواتین افسران کی تعداد میں اضافے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ ادارے کو جنسی ہراسانی اور امتیازی سلوک کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔

وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ جولائی سے آسٹریلوی فوج کی 125 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون چیف آف آرمی ہوں گی جبکہ وزیرِ دفاع نے اس تقرری کو انتہائی تاریخی لمحہ قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ 55 سالہ سوسن کوائل نے سائبر وار فیئر سمیت جدید عسکری شعبوں میں اپنے تجربے کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وسیع تجربہ مجھے اس نئی ذمے داری کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلوی دفاعی افواج میں خواتین کا تناسب اس وقت تقریباً 21 فیصد ہے، جبکہ اعلیٰ قیادت میں یہ شرح 18.5 فیصد ہے۔

ادارے نے 2030ء تک مجموعی طور پر خواتین کا ہدف 25 فیصد مقرر کیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید