میر پور خاص میں میڈیکل طالبہ کی خودکشی و ہراسانی کے مقدمے میں پولیس نے ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم متوفیہ طالبہ کا کلاس فیلو تھا۔
دوسری جانب ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے ملزم کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس میں 2 ملزمان گرفتار، 2 ضمانت پر اور ایک روپوش ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کیس کے مرکزی ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
عدالت نے ملزم کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم ایک نجی میڈیکل کالج میں فارمیسی لیکچرار کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں میرپورخاص علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں طالبہ نے خودکشی کر لی تھی جس کے بعد اہل خانہ کی جانب سے انصاف کا مطالبہ کیا گیا تھا۔