ترجمان چینی وزارتِ خارجہ کا برطانوی اخبار کی رپورٹ پر ردِعمل سامنے آ گیا۔
ترجمان چینی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ برطانوی اخبار کی ایران کے چینی سیٹیلائٹ سے مدد حاصل کرنے کی رپورٹ درست نہیں۔
واضح رہے کہ فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق خفیہ دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ ایران نے چینی جاسوس سیٹلائٹ کے ذریعے امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 2024ء کے اواخر میں یہ چینی سیٹلائٹ TEE-01B سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی کی ایرو اسپیس فورس نے حاصل کیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیٹلائٹ چین سے خلاء میں بھیجے جانے کے بعد ایران کے حوالے کیا گیا، ایرانی فوجی کمانڈرز نے اس سیٹلائٹ کو اہم امریکی فوجی تنصیبات کی نگرانی کے لیے استعمال کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سیٹلائٹ سے تصاویر مارچ میں ان مقامات پر ڈرون اور میزائل حملوں سے قبل اور بعد میں حاصل کی گئیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیٹلائٹ نے سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس کی 13، 14 اور 15 مارچ کو تصاویر لیں، جبکہ 14 مارچ کو امریکی صدر ٹرمپ نے تصدیق کی تھی کہ اس اڈے پر امریکی طیاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔