پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار و اداکار عاشر وجاہت نے مشہور اداکاروں کو سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے اہم مشورہ دے دیا۔
عاشر وجاہت نے حال ہی میں ’جیو نیوز‘ کے مشہور پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی۔
اُنہوں نے شو کے دوران ایک سوال کے جواب میں اداکاروں اور مشہور شخصیات کو سوشل میڈیا کے استعمال کے بارے میں ایک اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ شوبز شخصیات کو چاہیے کہ وہ اپنی ذاتی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھیں۔
گلوکار نے کہا کہ ہم شوبز کے لوگ زیادہ تر اپنی زندگی کے خوش گوار لمحات کو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہیں، جس سے یہ وہم پیدا ہوتا ہے کہ ہماری زندگی میں ہر چیز ہمیشہ ٹھیک چلتی ہے، جو کہ درست نہیں ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم سے کوئی بھی ان پریشانیوں کو سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کرتا جن کا ہم زندگی میں سامنا کرتے ہیں۔
عاشر وجاہت نے کہا کہ ایسی صورتِ حال میں کوئی بھی ایسا شخص جو اپنی زندگی میں برے وقت سے گزر رہا ہوتا ہے، وہ ہماری زندگی کے خوش گوار لمحات کے بارے میں شیئر کی گئی پوسٹس کو دیکھ کر اپنی زندگی کے بارے میں منفی انداز میں سوچنے لگتا ہے، اسی لیے مشہور شخصیات کے لیے اپنی پرائویسی کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔