• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا، امریکی صدر ٹرمپ

فوٹو: اسرائیلی میڈیا
فوٹو: اسرائیلی میڈیا 

امریکی صدر ڈونلڈ  ٹرمپ کا کہنا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک 10 روزہ سیزفائر پر متفق ہوگئے ہیں۔

ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کی لبنانی صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے مثبت گفتگو ہوئی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے امن کے لیے باضابطہ طور پر شام 5 بجے (ایسٹرن ٹائم) سے 10 روزہ جنگ بندی شروع کرنے پر اتفاق کیا، ( یہ وقت پاکستان میں رات 2 بجے کا ہوگا)۔


ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ لبنانی صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو وائٹ ہاؤس بلاؤں گا، دونوں ممالک کے رہنماؤں کو 1983کے بعد پہلی بامعنی بات چیت کیلئے مدعو کروں گا، دونوں فریق امن دیکھنا چاہتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ یہ جلد ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ روبیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس ڈین کین کو ہدایت دی گئی ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے ساتھ مل کر مستقل امن کے لیے کام کریں۔

ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ وہ دنیا بھر میں 9 جنگیں ختم کروا چکے ہیں اور یہ ان کی 10ویں کامیابی ہوگی۔

لبانی صدر کا دیرپا امن واستحکام کیلئے ٹرمپ کی کوششوں کا شکریہ

اس سے قبل لبنان کے صدر جوزف عون نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دیرپا امن و استحکام کیلئے ان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

اپنے بیان میں جوزف عون نے کہا کہ لبنان جلد از جلد اس آگ کو روکنے کیلئے ان کوششوں کے جاری رہنے کی خواہش کرتا ہے۔

صدارتی آفس کے بیان میں کہا گیا کہ ٹرمپ نے لبنان اور صدر جوزف عون کیلئے اپنی حمایت کا اظہار کیا، انہوں نے لبنان کی جلد جنگ بندی کی درخواست کو پورا کرنے کے اپنے عزم پر زور دیا۔

 اس سے پہلے لبنان نے برطانیہ کو یقین دہانی کروائی کہ لبنانی حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اسلحہ صرف ریاست تک محدود رہے گا۔ 

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کئی مواقع پر کہہ چکے ہیں کہ لبنان سے جنگ بندی کے لیے حزب اللّٰہ کو غیر مسلح کرنا ہوگا۔

لبنانی صدر جوزف عون نے جب برطانیہ کو اسلحہ صرف ریاست تک محدود رکھنے کا یقین دلایا تو اسی موقع پر برطانوی وزیر برائے مشرق وسطیٰ ہمیش فاکنر نے لبنان پر اسرائیلی بمباری سے بے گھر افراد کی بحالی کے لیے ڈھائی کروڑ پونڈز امداد دینے کا اعلان کیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کچھ گھنٹوں پہلے کہا تھا کہ لبنان اور اسرائیل آج بات کریں گے۔ لبنان نے ابتدا میں کہا تھا کہ وہ ایسی کسی بات چیت کا حصہ نہیں ہیں۔ بعد میں لبنانی صدر جوزف عون نے ان اطلاعات کی تردید کی کہ وہ بن یامین نیتن یاہو سے ملاقات کرنے والے ہیں۔

اس صورتحال میں صدر ٹرمپ نے لبنانی ہم منصب کو فون کیا اور کچھ دیر بعد جنگ بندی کا اعلان شیئر کیا، لبنانی صدر نے جنگ بندی کی کوششیں کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔

اس دوران جب جنگ بندی کی کوششیں جاری تھیں، اسرائیل نے لبنان پر حملے جاری رکھے۔ جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں گھروں، عمارتوں اور سرکاری اسپتالوں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں ایک لبنانی شہری جاں بحق ہوا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید