اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے ایرانی بندرگاہوں کی بندش کے امریکی فیصلے کی حمایت کردی۔
کابینہ اجلاس سے خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل ایران کی بحری ناکہ بندی کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے ٹرمپ انتظامیہ سے بھرپور تعاون کرے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیان سامنے آنے کے بعد امریکا نے آج سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا اعلان کردیا۔
چین نے امریکی فیصلے کی کھل کر مخالفت کرتے ہوئے امریکا کو خبردار کیا کہ چین کے ایران سے تجارتی اور توانائی کے معاہدے ہیں، چین ان معاہدوں کا احترام کرے گا، دوسروں سےبھی توقع ہے کہ وہ ہمارےمعاملات میں دخل اندازی نہ کریں۔
چینی وزیر دفاع نے کہا کہ آبنائے ہُرمز ایران کنٹرول کرتا ہے اور وہ ہمارے لیے کھلی ہے ، چین کے بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزر رہے ہیں۔
چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ اہم آبی راستے کو محفوظ، مستحکم اور بلا رکاوٹ رکھنا بین الاقوامی برادری کے مشترکہ مفاد میں ہے، چین توانائی کے تحفظ اورفراہمی کیلئے تمام فریقین کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے، اسلام آباد میں مذاکرات کا آغاز صورتحال بہتر بنانےکی جانب ایک قدم ہے، امید ہے فریقین جنگ بندی کی پاسداری کریں گے۔
برطانیہ نے بھی آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کی مخالفت کی، ترکیہ اور جاپان نے سفارتکاری سے تنازع حل کرنے کا مشورہ دیا۔