لبنان کی سرحد پر فوجی کارروائی کے دوران حزب اللّٰہ کے ہاتھوں 8 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے ہیں، جن میں ایک اہم حکومتی شخصیت کا بیٹا بھی شامل ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے وزیرِ خزانہ بزلئیل سموٹریچ کا بیٹے بھی لبنانی سرحد کے قریب جھڑپوں میں زخمی ہونے والے فوجیوں میں شامل ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق لبنان کی سرحد کے قریب حزب اللّٰہ کے حملے میں 8 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے ہیں، جن میں 5 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
لبنان سے اسرائیل کی طرف تقریباً 70 راکٹ فائر کیے گئے، جس کے نتیجے میں اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے، جنہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب لبنان کے دارالحکومت کے جنوبی مضافات میں اسرائیلی بمباری کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے، تازہ حملوں میں 15 سے زائد فضائی حملے کیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں، خصوصاً داحیہ کے مختلف محلوں کو نشانہ بنایا۔ دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دارالحکومت کے کئی علاقوں میں زوردار آوازیں سنائی دیں۔
حالیہ جنگ کے دوران اسرائیلی حملوں میں لبنان میں 217 افراد شہید اور 798 زخمی ہوگئے ہیں۔