بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک شادی کی تقریب کے دوران 11 سالہ بچے کو کیٹرنگ کے ایک ملازم نے جلتے ہوئے تندور میں دھکیل دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق زخمی بچے کی شناخت چمن کے نام سے ہوئی ہے، واقعے کے بعد متاثرہ بچے کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد دی گئی، ڈاکٹروں کے مطابق بچے کی حالت نازک ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ چمن شادی میں رس گلے بار بار مانگ رہا تھا جس پر کیٹرنگ کنٹریکٹر غصے میں آ گیا، اس نے پہلے بچے کو ڈانٹا اور پھر اسے پکڑ کر جلتے ہوئے تندور کے قریب لے گیا جہاں توازن بگڑنے پر بچہ تندور میں جا گرا۔
موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر بچے کو نکالا تاہم اس وقت تک وہ چہرے سے کمر تک بری طرح جھلس چکا تھا، واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے بچے کے ماموں کی شکایت پر مذکورہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔