• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی پارلیمنٹ کی صدر روبرٹا میٹسولا کا بیٹا فن لینڈ کی فوج میں بھرتی ہو گیا

فوٹو: ایکس روبرٹا میٹسولا
فوٹو: ایکس روبرٹا میٹسولا 

یورپی پارلیمنٹ کی صدر روبرٹا میٹسولا کا بیٹا فن لینڈ کی فوج میں بھرتی ہوگیا۔

روبرٹا میٹسولا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے بیٹے کو فن لینڈ کی فوج میں بھرتی  کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں خود کو ایک ’قابلِ فخر ماں‘ اور ’قابلِ فخر یورپین‘ قرار دیا ہے، میٹسولا کے شوہر اوکو میٹسولا فن لینڈ کے شہری ہیں، جس کے باعث ان کے بیٹے پر بھی فن لینڈ کے قوانین لاگو ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ فن لینڈ میں تمام مرد شہریوں کے لیے 18 سال کی عمر میں فوجی سروس لازمی ہے، جس کی مدت 165، 255 یا 347 دن تک ہوتی ہے، جبکہ خواتین رضاکارانہ طور پر فوج میں شامل ہو سکتی ہیں، اس کے ساتھ ہی  شہریوں کے پاس 347 دن کی سول سروس کا متبادل بھی موجود ہے۔

فن لینڈ میں فوجی سروس مکمل کرنے کے بعد بھی شہری 60 یا 65 سال کی عمر تک قومی دفاع کی ذمہ داریوں کے پابند رہتے ہیں۔

روبرٹا میٹسولا یورپی پارلیمنٹ میں یوکرین کی فوجی مدد کی بھرپور حامی رہی ہیں، جس پر ان کے ملک مالٹا کی لیبر پارٹی کی جانب سے تنقید بھی کی گئی، کیونکہ مالٹا کا آئین غیر جانبداری پر زور دیتا ہے۔

وہ یورپ کے لیے اسٹریٹجک دفاعی خود مختاری کی حامی ہیں اور اس سلسلے میں فن لینڈ جیسے ممالک کے ماڈل کو اپنانے کی بات کرتی رہی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید