برطانیہ میں آر ایم ایس ٹائی ٹینک جہاز کے حادثے میں زندہ بچ جانے والی ایک خاتون کی لائف جیکٹ خطیر قیمت پر فروخت ہو گئی۔
برطانیہ کے نیلام گھر کے مطابق یہ نایاب لائف جیکٹ 9 لاکھ 4 ہزار 500 ڈالرز میں فروخت ہوئی ہے جبکہ اس کی نیلامی کا ابتدائی تخمینہ 3 لاکھ 39 ہزار ڈالرز سے 4 لاکھ 74 ہزار ڈالرز لگایا گیا تھا۔
لائف جیکٹ جہاز میں سفر کرنے والی لورا میبل نامی خاتون کی تھی جو فرسٹ کلاس کیبن میں سفر کر رہی تھیں اور وہ حادثے کے وقت لائف بوٹ نمبر 1 پر سوار ہو کر اپنی جان بچانے میں کامیاب رہی تھیں۔
واضح رہے کہ ٹائی ٹینک جہاز اپریل 1912ء میں اپنے پہلے سفر کے دوران برطانیہ سے امریکا جاتے ہوئے بحرِ اوقیانوس میں ایک آئس برگ سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہو گیا تھا۔
اس سانحے میں 1500 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جب کہ 700 کے قریب افراد کو بچا لیا گیا تھا۔