بحری جہاز پر صومالی قزاقوں نے قبضہ کرلیا، 10 سے زائد پاکستانی یرغمال بنا لیے گئے، جن میں کراچی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ اہلخانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں اور حکومت سے فوری مدد کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
مغوی عمران، امین، حسین، کاشف اور یاسر کے اہل خانہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے تاحال کوئی مدد نہیں ملی۔ گورنر سندھ نے فون پر رابطہ کیا اور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ قزاقوں کے قبضے کے بعد رابطہ منقطع ہوچکا ہے، جہاز عمان سے فجیرہ جا رہا تھا، راستے میں اغوا ہوا، امین شمس دو بچوں کے والد ہیں، 3 سال کی بیٹی اور 4 ماہ کا بیٹا ہے۔
اہلخانہ کے مطابق مغوی سید کاشف چار بچوں کے والد ہیں، مغوی عمران کی دو بیٹیاں، حسین کے تین بچے ہیں، مغوی حسین کا 9 سال کا بچہ شبیر والد کی آمد کا منتظر ہے۔