گوجرانوالہ کے علاقے گرجاکھ میں ماں بیٹی کے قتل کیس میں اہم انکشاف ہوا ہے، گرفتار ملزم یاسر نے اعتراف جرم کرتے ہوئے پولیس کو بیان دیا کہ قتل سے پہلے خاتون کو زیادتی کا بھی نشانہ بنایا، زیادتی کے بعد خاتون کو بتایا کہ اس کے شوہر کے کہنے پر قتل کر رہا ہے۔
سی پی او ڈاکٹر غیاث گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار شوہر مصطفیٰ اور اس کے ساتھی یاسر نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ ملزم شوہر نے دوسری شادی کیلئے بیوی کے قتل کا منصوبہ بنایا جبکہ ملزم یاسر جوئے میں رقم ہار کر مقروض تھا، جسے مصطفیٰ نے ڈیڑھ لاکھ روپے کے عوض قتل پر آمادہ کیا۔
منصوبے کے تحت شوہر گھر سے نکلا جبکہ یاسر گھر میں داخل ہوا، جہاں اس نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا۔ واردات کے دوران جاگنے والی تین سالہ بچی کو بھی ملزم نے شناخت چھپانے کے لیے قتل کر دیا۔
دوسری جانب پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے ایم این اے شاہد عثمان پر قتل کیس میں مداخلت کا سوال اٹھایا، جس کی سی پی او اور ایم این اے نے تردید کی۔
اُدھر عدالت نے ملزمان کو چھ روزہ ریمانڈ پر پولیس کےحوالےکر دیا ہے۔