سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ نے 5 درخواست گزاروں کو متوفی کوٹے کے تحت ملازمتیں دینے کا حکم دے دیا۔
متوفی کوٹے سے متعلق کیسز کی سماعت کے دوران عدالت نے کہا ہے کہ متوفی کوٹے کے تحت حاصل حق ختم نہیں کیا جا سکتا، سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق ماضی کے معاملات پر نہیں ہو گا۔
سماعت کے دوران وکیل نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹل ریکروٹمنٹ کمیٹی نے بھی تقرری کی سفارش کی تھی۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کوٹے پر ملازمتوں کے فیصلے کے بعد درخواست گزاروں کی تقرریاں منسوخ کیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ تقرریاں ممکن نہیں رہیں۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ ملازم کے انتقال کے فوراً بعد اہلِ خانہ کو حق حاصل ہو جاتا ہے، تقرری کا لیٹر جاری ہونا محض انتظامی کارروائی ہے، درخواست گزاروں کو 15 روز میں تقرری لیٹر جاری کیے جائیں۔
واضح رہے کہ مختلف درخواست گزاروں نے والدین کے انتقال کے بعد ملازمت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔