• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا کابینہ نے کلائمیٹ ایکشن بورڈ ترمیمی بل 2026ء کی منظوری دیدی: شفیع جان

معاون خصوصی اطلاعات خیبر پختون خوا شفیع جان—فائل فوٹو
معاون خصوصی اطلاعات خیبر پختون خوا شفیع جان—فائل فوٹو

معاونِ خصوصی اطلاعات خیبر پختون خوا شفیع جان نے بتایا ہے کہ صوبائی کابینہ نے کلائمیٹ ایکشن بورڈ ترمیمی بل 2026ء کی منظوری دے دی ہے۔

ایک بیان میں شفیع جان نے کہا ہے کہ اقلیتی طلباء کے لیے11 کروڑ 25 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے، دہشت گردی سے متاثرہ اقلیتوں کے انڈومنٹ فنڈ کی رقم 30 کروڑ روپے کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مردان، نوشہرہ اور ہری پور میں مختلف واقعات کے متاثرین کے لیے امدادی پیکیج منظور کیا گیا ہے، ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لیے 16 کروڑ 81 لاکھ روپے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی گئی ہے۔

شفیع جان کا کہنا ہے کہ انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ سائنسز کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا ذیلی ادارہ قرار دینے کی منظوری دی گئی ہے اور کے پی کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی میں ڈائریکٹر جنرل کی پوسٹ پر تعیناتی کی منظوری دے دی گئی۔

انہوں نے کہا ہے کہ مینگورہ سوات میں کڈنی اسپتال کو جدید کڈنی ٹرانسپلانٹ سینٹر بنانے کے لیے 18 کروڑ روپے اضافی گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے۔

معاونِ خصوصی اطلاعات خیبر پختون خوا نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے 2 لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کی منظوری بھی دے دی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ گندم کی قیمت ساڑھے 3 ہزار روپے فی 40 کلو مقرر کی گئی ہے، جس کی خریداری پر 19 ارب 68 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

قومی خبریں سے مزید