• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ کا اسکرپٹ لکھنے کی پیشکش ہوئی تھی: خلیل الرحمٰن قمر کا انکشاف

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

 معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے انکشاف کیا ہے کہ مجھے بھارتی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ کا اسکرپٹ لکھنے کی پیشکش کی گئی تھی۔

ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ پراجیکٹ ایک فلم کے طور پر پلان کیا گیا تھا اور اس کا نام منڈی رکھا گیا تھا۔

خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس موضوع کو ایک طرح سے ممنوع سمجھا جاتا رہا ہے، حالانکہ سعادت حسن منٹو نے ہیرا منڈی پر لکھا لیکن ہم نے انہیں قبول نہیں کیا، مجھے اس فلم کا اسکرپٹ لکھنے کی پیشکش ہوئی تھی، جس کا میں پہلی بار ذکر کر رہا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ مجھے بھارت سے طویل کالز موصول ہوئیں لیکن میں نے ابتداء میں حب الوطنی کی بنیاد پر انکار کر دیا، بعد ازاں میں نے شرط رکھی کہ پاکستانی لکھاری کو بھی وہی عزت دی جائے جو یہاں بھارتی فنکاروں کو دی جاتی ہے۔

خلیل الرحمٰن قمر کے مطابق میں نے کہا کہ اگر عزت دی جائے تو میں مفت میں بھی اسکرپٹ لکھنے کو تیار ہوں، تاہم میں نے بعد میں 2015ء میں بھی اس پیشکش کو مسترد کر دیا اور واضح کیا کہ میں نریندر مودی کے دورِ حکومت میں بھارت نہیں جاؤں گا۔

انہوں  نے ایک اور انٹرویو میں اپنی نجی زندگی سے متعلق بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ میری اپنی والدہ سے زیادہ قربت نہیں تھی، اگرچہ میری والدہ نے میرے لیے بہت قربانیاں دیں، لیکن بعض حالات کے باعث میں ان کے زیادہ قریب نہ ہو سکا۔

 ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مجھے کلیجی کھانے کا شوق تھا اور ایک بار جب گوشت خراب ہو گیا تو میری والدہ نے صرف میری خواہش پوری کرنے کے لیے دوبارہ انتظام کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ میں اپنے والد کے زیادہ قریب تھا کیونکہ والدہ اکثر میری شکایات والد سے کر دیتی تھیں، میں کم عمری میں ہی لکھنا شروع کر چکا تھا لیکن اس پر مجھے کئی بار والد کی جانب سے سختی کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ جب میں صرف 15 سال کا تھا تو میری والدہ کینسر میں مبتلا ہو گئیں اور 18 سال کی عمر میں ان کا انتقال ہو گیا، جس کے باعث میں ان کی خدمت بھی نہ کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ والدین کی موجودگی میں انسان ان کی قدر نہیں کرتا، لیکن جب وہ دنیا سے چلے جاتے ہیں تو ان کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید