ایران نے آبنائے ہرمز میں امریکی جہاز پر حملہ کر دیا۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق آبنائے ہرمز میں امریکی جہاز کو 2 میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی وارننگ نظر انداز کرنے والے امریکی جہاز پر حملہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حملے کے بعد امریکی جہاز نے اپنا سفر روک دیا ہے، امریکی جہاز پسپائی اختیار کرنے اور علاقے سے بھاگنے پر مجبور ہو گیا ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایران نے اعلان کیا تھا کہ آبنائے ہرمز سے کوئی بھی بغیر اجازت نہیں گزر سکتا، ایران کا کہنا ہے ہدایات نظرِ انداز کرنے والے جہاز کو فوج فیصلہ کن جواب دے گی۔
ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ امریکی جہاز پر میزائل حملے میں نقصانات کی تاحال تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، ایرانی بحریہ نے آبنائے ہرمز میں امریکی صہیونی ڈسٹرائزر کے داخلے کو روک دیا ہے۔
دوسری جانب سینئر امریکی عہدیدار نے امریکی جہاز کا ایرانی میزائل کا نشانہ بننے کی خبر کی تردید کر دی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ترجمان ایرانی افواج کا کہنا تھا کہ تمام تجارتی بحری جہاز اور آئل ٹینکرز آبنائے ہرمز میں ہم سے رابطے کے بغیر نقل و حرکت نہ کریں، امریکی بحریہ آبنائے ہرمز کے قریب بھی نہ جائے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی افواج کی جانب سے کہا گیا تھا کہ آبنائے ہرمز کی سلامتی کو مکمل طور پر سنبھالے ہوئے ہیں، آبنائے ہرمز میں نیوی گیشن ایرانی مسلح افواج سے رابطے میں رہ کر کی جائے۔