نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے آئل ریفائنریز اور آئل اسٹوریج کے موجودہ سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں اسحاق ڈار کی زیر صدارت آئل ریفائنرز اور آئل اسٹوریج کی سیکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں متعلقہ تنصیبات کے سیکیورٹی انتظامات جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) وزیر مملکت خزانہ، سیکریٹری پیٹرولیم، سیکریٹری داخلہ اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ساتھ مل کر سیکیورٹی اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں۔
نائب وزیراعظم آفس کے مطابق اضافی سیکیورٹی اقدامات کے اخراجات آئل مارکیٹنگ کمپنیاں برداشت کریں گی۔
اسحاق ڈار نے اس موقع پر سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت اہم توانائی تنصیبات کے تحفظ اور ملک بھر میں بلاتعطل ایندھن کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اس موقع پر ملک میں پیٹرولیم، تیل اور لبریکنٹس کے ذخائر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، وزارت پیٹرولیم نے شرکاء کو بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2026ء کے تیسرے ہفتے تک ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی کے لیے وافر ذخائر موجود ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سپلائی کی صورتحال کی روزانہ کی بنیاد پر نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کمیٹی کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، مؤثر نگرانی اور پیشگی سپلائی چین مینجمنٹ کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی جاری ہے۔