• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برازیل: زیادہ طاقتور بننے کا جنون، 22 سالہ باڈی بلڈر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا


فوٹوز: امریکی میڈیا
فوٹوز: امریکی میڈیا 

برازیل میں زیادہ طاقتور دکھنے کی خاطر ایک 22 سالہ نوجوان اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھا۔ برازیل سے تعلق رکھنے والے نوجوان باڈی بلڈر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر گیبریل گینلے اچانک چل بسے ۔ 

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گیبریل گینلے کی موت ہائپر ٹرافک کارڈیو مایوپیتھی (ایچ سی ایم) نامی بیماری کے باعث ہوئی، جس میں دل کے پٹھے غیر معمولی طور پر موٹے ہوجاتے ہیں اور دل کو خون پمپ کرنے میں دشواری پیش آتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق نوجوان باڈی بلڈر کو ساؤ پاؤلو میں واقع ان کے اپارٹمنٹ سے مردہ حالت میں پایا گیا۔

پولیس کے مطابق ان کے دوست نے دو روز تک رابطہ نہ ہونے پر اپارٹمنٹ عملے کی مدد سے فلیٹ کھولا جہاں گیبریل بےہوش حالت میں منہ کے بل پڑے تھے۔

ابتدائی تحقیقات میں جائے وقوعہ سے ممکنہ اسٹرائیڈز اور مختلف ادویات بھی برآمد ہوئیں تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ موت کی حتمی وجہ فرانزک رپورٹ آنے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔

حکام نے واقعے کو اچانک مشتبہ موت قرار دیا ہے جبکہ جائے وقوعہ پر تشدد کے کوئی آثار نہیں ملے۔

گیبریل گینلے سوشل میڈیا پر انتہائی مقبول تھے اور ان کے انسٹاگرام پر 24 لاکھ سے زائد فالوورز تھے۔ وہ جولائی میں ہونے والے برازیلین باڈی بلڈنگ مقابلے مسل کانٹیسٹ برازیل کی تیاری کر رہے تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید